گینگٹاک، 24؍دسمبر(ایس او نیوز؍ایجنسی) شمالی سکم میں جمعہ کے روز فوج کا ایک ٹرک حادثے کا شکار ہوا، جس میں 16 فوجیوں کی جان چلی گئی، جبکہ 4 جوان زخمی بھی ہوئے ہیں - ہندوستانی فوج نے ایک بیان میں کہاکہ 23 دسمبر 2022 کو شمالی سکم کے جیما میں فوج کا ایک ٹرک حادثے کا شکار ہوگیا- اس المناک سڑک حادثے میں ہندوستانی فوج کے 16 جوان اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے -فوج نے کہا کہ حادثہ پیش آنے والی گاڑی 3 گاڑیوں کے قافلے کا حصہ تھی، جو صبح چٹن سے تھانگو کی طرف روانہ ہوئی تھی- جیما جاتے ہوئے گاڑی تیز موڑ پر پھسل کر نیچے کھائی میں گر گئی- حادثے کے فوری بعد ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا اور 4 زخمی فوجیوں کو ایئر لفٹ کر کے اسپتال پہنچایا گیا-ہندوستانی فوج کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے حادثے میں 3جونیئر کمیشنڈ افسر اور 13 فوجی شہید ہوئے- دکھ کی اس گھڑی میں بھارتی فوج سوگوار خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے- شمالی سکم بہت خطرناک علاقہ ہے اور ان دنوں مکمل طور پر برف سے ڈھکا ہوا ہے-حادثے پر غم کا اظہار کرتے ہوئے، وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے ٹوئٹ کیاکہ شمالی سکم میں ایک سڑک حادثے میں ہندوستانی فوج کے جوانوں کی جانوں کے ضیاع پر گہرا دکھ ہوا ہے- قوم ان کی خدمات اور عزم کیلئے تہہ دل سے شکر گزار ہے- ہم زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا گو ہیں -